نئی دہلی،21؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے تمل فلم ’مرسیل‘ کے مکالمات پر تنازعات کھڑا کرنے پر بی جے پی کی نکتہ چینی کی ہے۔ فلم میں گڈ زاینڈسروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو تنقید کی زد میں لیا گیا ہے۔ مسٹر چدمبرم نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’فلمسازوں کونوٹس:قانون بن رہا ہے، آپ صرف ایسی دستاویزی فلمیں بنا سکتے ہیں جن میں سرکاری پالیسیوں کی تعریف کی گئی ہو‘‘۔ایک دوسرے بلاگ والی سائٹ پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا مطالبہ ہے کہ فلم مرسیل کے (متنازع) مکالمات حذف کیے جائیں، تصور کیجئے آج اگر ’پارا شکتی‘ ریلیز ہوئی ہوتی تو کیا ہوتا۔پارا شکتی (دی گوڈس) 1952 کی ہندوستانی تمل ڈرامہ فلم ہے جس کے ہدایت کار آر کرشنن اور ایس پنجوتھے۔ فلم اسٹار شیواجی گنیشن کی اداکاری والی یہ پہلی فلم تھی۔ اس فلم کے مکالمے ایم کروناندھی نے لکھے تھے جو بعد میں تمل ناڈوکے وزیراعلیٰ بنے۔ اس فلم میں برہمنوں اور ہندوؤں کی روایات کونشانہ بنایاگیاتھا۔